(ویب ڈیسک ) چینی ٹیکنالوجی کمپنی اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جس کے تحت چین 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مفت تربیت دے گا۔ پاکستان میں ای گورننس، کلاؤڈ سروسز، سیف سٹیز کے قیام اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن میں بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ہمراہ چین کے شہر شینزن میں ہواوے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس موقع پر ہواوے ہیڈ کوارٹرز کو پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین کیا گیا تھا۔
وزیراعظم اور ہواوے کے چیئرمین کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں وزیراعظم نے چیئرمین ہواوے کو پاکستان کے دورے اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک چائنا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں رہیں گے تو کچھ حاصل نہیں کرسکیں گے، ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھیں گے تو ہی کامیابی مل سکے گی۔
وزیراعظم سے چینی کمپنی ٹرانشیئن ہولڈنگز کے بانی اور چیئرمین نے بھی ملاقات کی، اس ملاقات میں انہوں نے پاکستان میں موبائل فون یونٹ میں سرمایہ کاری میں وسعت کی یقین دہانی کروائی۔