”16 اراکین کون تھے یہ تو الیکشن کمیشن نے ہی بتانا ہے“
10:40 AM, 5 Mar, 2021
اسلام آباد(پبلک نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو دکھی روح بننے کی ضرورت نہیں ہے، سولہ اراکین کون تھے یہ الیکشن کمیشن نے ہی بتانا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے بیانات پر ردعمل سامنے آنے کے بعد وفاقی وزراء فواد چودھری اور شبلی فراز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ہے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات شبلی فرازنے کہا ہے کہ انتخابات شفاف ہوں گے تو جمہوریت مضبوط ہو گی، وزیراعظم اور ہم وزراء الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، انتخابات میں شفافیت سے پارلیمنٹ کے ایوان کا وقار بڑھے گا۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکشن میں شفافیت ن لیگ اور پیپلزپارٹی کےمفاد میں نہیں ہے، دونوں جماعتوں کی طرف سے نااہل لوگ ایوان میں آتے ہیں۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کل وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ لیں گے، میں نے الیکشن کمیشن کو پیشکش کی کہ ٹیکنالوجی میں پوری معاونت دیں گے، مجھے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے موقف پر نظر ثانی کرے گا، 16 اراکین کون تھے یہ تو الیکشن کمیشن نے ہی بتانا ہے، الیکشن کمیشن کو دکھی روح بننے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، الیکشن کمیشن کی وزیراعظم کے خلاف پریس ریلیز اچھی نہیں لگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ادارے پریس ریلیز سےآزادی ظاہر نہیں کرتے، وزیراعظم نے کہا الیکشن کو شفاف بنانےکی ذمہ داری پوری نہیں ہوئی۔