ممبئی کی مشہور ’کراچی بیکری‘ کیوں بند ہو گئی؟

11:31 AM, 5 Mar, 2021

احمد علی

ویب ڈیسک: بھارت کی قدیمی اور مقبول کراچی بیکری کو بند کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس قدیمی بیکری کو پاکستان سے ہجرت کر کے بھارت آنے والا ہندو خاندان چلا رہا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بیکری کو بھارتی انتہاپسندوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد بند کیا گیا ہے۔

کراچی بیکری کے نام کی وجہ سے اس کے مالک کو گزشتہ کئی مہینوں سے دھمکیاں مل رہی تھیں جبکہ ہندو انتہا پسندوں کیجانب سے انہیں لیگل نوٹس بھی بھیجا گیا تھا۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اس نام کی وجہ سے بھارتی قوم اور آرمی کی دل آزاری ہورہی ہے، اس نام کو تبدیل کیا جائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے بیکری کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا تھا بعدازاں اس بیکری کے مالک نے ایک ویڈیو پیغام میں کراچی بیکری کا نام تبدیل نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی انتہاپسندوں کی طرف سے ماضی میں بھی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ٹویٹر صارفین نے اس واقعہ پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں