پشاور دھماکا: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا بیان سامنے آگیا

04:04 AM, 5 Mar, 2022

Rana Shahzad
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پشاور دھماکے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ ہم محفوظ ہاتھوں میں ہیں لیکن حالات تبدیل ہوئے تو ہماری سیکیورٹی ٹیم رہنمائی کرے گی۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم چوبیس سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔ اس نے اتنے سالوں تک صرف سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ہی پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔ مہمان ٹیم نے پاکستان میں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلنا ہے۔ آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ہمدردیاں پشاور کے لوگوں کیساتھ ہے لیکن ہم پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ تمام کھلاڑیوں کے ذہن میں کوئی ڈر یا خوف نہیں ہے۔ ہم تمام فیصلوں کو ماہرین کی رائے پر کریں گے۔ یہ بھی پڑھیں: پشاور میں دہشتگردی، مسجد میں دھماکا، 56 شہید، 194 زخمی خیال رہے کہ گذشتہ روز پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خو دکش دھماکے کے نتیجے میں 56 افراد شہید ہوگئے تھے۔ درجنوں افراد ابھی تک ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق کوچہ رسالدار دھماکے کے 194 زخمی کو ایل ار ایچ منتقل کیے گئے ہیں۔ جاں بحق افراد کی تعدا 56 تک پہنچ گئی ہے۔ شدید زخمیوں کو بر وقت طبی سہولیات فراہم کی گئی۔ بڑی تعداد میں ڈاکٹروں اور نرسوں نے علاج فراہم کیا۔ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے اندر ہی دوائیوں۔طبی عملے اور خون کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکا کوچہ رسالدار کے علاقے میں قائم جامع مسجد میں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا۔ دھماکے کے وقت جامع مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل نامعلوم افراد کی جانب سے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے دہشتگردی واقعہ کی شدید الفاظ ‌میں مذمت کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ‌زخمیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے نمازیوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں غم زدہ خاندانوں ‌کیساتھ ہیں۔ پاکستان کی افواج دہشتگردی کا ناسور ملک سے ختم کرکے دم لیں ‌گی. وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا واقعہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ حکام سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا پشاور دھماکے کواکوئی تھریٹ الرٹ بھی جاری نہیں ہوا تھا۔
مزیدخبریں