ویب ڈیسک: بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار کی ناکام پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کی پالیسیوں نے چھوٹے کاروبارکو ختم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار کی طرز حکمرانی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان میں بنگلہ دیش، بھوٹان اور پاکستان سے زیادہ بے روزگاری ہے۔
انہوں نے مودی کے خلاف بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کے نوٹ بندی اور اشیا پر جی ایس ٹی کے نفاذ نے چھوٹے کاروباروں کو ختم کردیا ہے جس سے پاکستان کے مقابلے میں بھارت میں بے روزگاری دوگنی ہے۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بنگلہ دیش اور بھوٹان سے زیادہ بے روزگار نوجوان ہیں، ملک میں گزشتہ 40 سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری کا ریکارڈ قائم ہو چکا ہے۔
کانگریس رہنما نے مزید یہ بھی دعویٰ بھی کیا کہ مودی سرکار انڈین ریلوے کی پالیسیاں امیر لوگوں کو ذہن میں رکھ کر بنا رہی ہے ، دوسرے طبقے کے لوگ سرکار کی سب پالیسیوں سے محروم ہیں۔