حکومت کا فرح گوگی کو دبئی سے پاکستان واپس لانے کا فیصلہ
01:30 PM, 5 May, 2022
اسلام آباد: حکومت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی کو دبئی سے پاکستان واپس لا نے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں مطلوب فرح گوگی کو دبئی سے پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، تفتیش کیلئے فرح گوگی کی موجودگی ضروری ہے ،اس لیے انہیں دبئی سے واپس لانے کیلئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب فرح گوگی کو اور وزیراعظم شہباز شریف عوام کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے نیب نے فرح گوگی کیخلاف انکوائری کی منظوری دی تھی ۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فرح گوگی کیخلاف معلوم ذرائع سے زائد اور غیر قانونی اثاثہ جات ،منی لانڈرنگ اور مختلف کاروبار کے نام پر بہت سے اکائونٹس رکھنے کے الزام میں انکوائری شروع کی جا رہی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فرح خان کے اکاونٹس سے گزشتہ تین سال کے دوران 84 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔ یہ رقومات انکے ذاتی اکائونٹس میں جمع کرائے جانے کےفوری بعد نکلوا لی گئیں ۔