محسن نقوی کی کھلاڑیوں سے ملاقات، ورلڈ کپ جیتنے  پر ہر کھلاڑی کو 1 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

03:40 PM, 5 May, 2024

This browser does not support the video element.

(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو 1 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔


چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے قذافی سٹیڈیم پہنچ گئے۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں اور آفیشلز سےملاقات کی۔   محسن نقوی 2 گھنٹے تک کھلاڑیوں کے ساتھ رہے ۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے گفتگو کی ۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کی۔انہوں نے  ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کے لئے ایک لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ  پاکستان کی جیت کے سامنے اس انعام کی کوئی حیثیت نہیں، امید ہے کہ آپ اس بار پاکستانی سبز ہلالی پرچم بلند کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کسی دباؤ کے بغیر کھیلیں، بھرپور مقابلہ کریں،  میدان میں مقابلہ ہوتا نظر آنا چاہیے۔  جیت آپ کے لئے اور ہار میرے لیے ہو گی۔  کسی کی پرواہ نہ کریں، صرف پاکستان کے لئے کھیلیں ، میدان میں ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں، انشاللہ فتح قدم چومے گی۔ 

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ  تمام کھلاڑی متحد  اور اکھٹے ہیں۔  شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں بھرپور پرفارمنس دیں گے۔  قوم کو آپ سے بہت سی توقعات ہیں، آپ نے پورا اترنا ہے۔

انہوں نے  یہ بھی کہا کہ  ڈومیسٹک کرکٹ کو سکولز سے یونیورسٹز کی سطح پر فروغ دے رہے ہیں۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 3000 رنز مکمل کرنے پر خصوصی گرین شرٹ دی۔ چئیرمین پی سی بی نے نسیم شاہ کو بھی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 100 وکٹیں لینے پر خصوصی گرین شرٹ دی۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، کپتان بابر اعظم ، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود اور انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ بھی  اس  موقع پر موجود تھے۔

چئیرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں  ظہرانہ بھی دیا۔

مزیدخبریں