’عمران خان کے الزامات ناقابل قبول ہیں حکومت تحقیقات کرے‘

08:16 AM, 5 Nov, 2022

احمد علی
راولپنڈی: ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے ادارے پر الزامات بےبنیاد اورناقابل قبول ہیں ، حکومت اس معاملے کی تحقیقات کرے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے ادارے کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے ہیں وہ ناقابل قبول ہیں۔ بالخصوص ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف بے بنیاد الزامات ناقابل قبول ہیں اور آج ادارے پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک آرمی کو انتہائی پیشہ ورانہ ہونے پر خود پر فخر ہے، پاک آرمی ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل فوج ہے ، پاک فوج کا ایک مضبوط اور انتہائی مؤثر اندرونی احتسابی نظام ہے اور کسی کو بھی ادارے یا اس کے سپاہیوں کی بےعزتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ادارے اور اہلکاروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی پر زور مذمت کرتے ہیں، یہ ادارہ افسروں اور سپاہیوں کی بھرپور حفاظت کرے گا، مفاد پرستوں کے الزامات سے ادارے کی عزت کو داغدار کیا جائے گا تو ادارہ افسروں اور سپاہیوں کی حفاظت کرے گا۔ بیان میں حکومت پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے، حکومت بغیر کسی ثبوت ادارے کی ہتک کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
مزیدخبریں