ورلڈ کپ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 21رنزسےشکست دیدی
01:29 PM, 5 Nov, 2023
بنگلور : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو21 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان اور نیوز ی لینڈ کے مابین میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکا، ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 21 رنز سے کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ دوسری مرتبہ بارش ہونے سے قبل پاکستان مطلوبہ ہدف سے 21 رنز آگےتھا۔ اس سے قبل پاکستان 402 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 21اوورز کی تیسری بال تک ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنا ئے تھے کہ بارش کے سبب میچ رک گیا جس کے بعد پاکستانی اننگز سے 9 اوورز کم کردیئے گئے ، پاکستان جیت کے لیے 41 اوورز میں 342 رنز سکور کرنا ہیں، دوبارہ میچ روکنے سے قبل پاکستان نے 25 اعشاریہ 3 اوورز میں 200رنز بنائے جب کہ اس کی 1 وکٹ گری ، فخر زمان 126 اور بابر اعظم 66 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے عبداللہ شفیق محض 4 رنز بنا کر سوتھی کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے پاکستانی باولرز اپناجادو نہیں چلا سکے جس کے بعد پاکستانی بیٹسمینوں کو ایک بڑے ہدف کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ نیوزی لینڈ نے مقرررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401رنز بنائے جس میں سب سے اہم کردار راچن رویندرا کا رہا جنہوں نے 108 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ان کے بعد کپتان کین ولیم سن بھی پیچھے نہ رہے اور 95 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر ڈیون کانوے اور راچن راویندرا نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلے 10 اوورز میں پاکستانی باولرز کی خوب دھنائی کی لیکن آخر کار ڈیون کانوے 68 رنز کے مجموعے پر 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند کا شکار ہو گئے ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن افتخار کی گیند پر چھکا لگا کر سینچری مکمل کرنا چاہ رہے تھے لیکن باونڈری کے قریب کیچ آوٹ ہو گئے، وہ 79 گیندوں پر دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔اوپننگ پر آنے والے راچن راویندرا نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 رنز کی اننگ کھیلی لیکن 36 ویں اوور کی آخری گیند پر محمد وسیم کو لیگ پر چھکا لگانے کی کوشش کی جو کہ کامیاب نہ ہوئی باونڈری پر موجود سعود شکیل نے کیچ کر لیا۔ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈیرل مچل 29 رنز بنا کر حارث روف کی گیند پر انسائیڈ ایج ہونے پر بولڈ ہو گئے ، ان کے بعد مارک چپمین بھی تیزی سے بلے بازی کی کوشش کر رہے تھے تاکہ بڑا ہدف دینے میں کامیابی مل سکے ، وہ محمد وسیم کی گیند پر 39 رنز بنا کر بولڈ ہوئے اور پولین لوٹ گئے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے سب سے مہنگے باولر شاہین شاہ آفریدی ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 90 رنز دیئے لیکن کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ۔ان کے بعد دوسرے نمبر پر حسن علی رہے جنہوں نے 10 اوورز میں ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے 82 رنز دیئے ،حارث روف نے 10 اوورز میں 85 رنز دیئے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی ۔ آج کے میچ میں سب سے بہتر کارکردگی محمد وسیم کی رہی جنہوں نے 10 اوورز میں 3 وکٹیں لیتے ہوئے 60 رنز دیئے ۔محمد افتخار نے 8 اوورز میں 55 رنز دیئے اور ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔ میچ کا ٹاس پاکستان نے جیتا اور نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی سکواڈ میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔دوسری جانب کیوی سکواڈ میں ڈیون کانوے، راچن رویندرا، کیم ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپ، مارک چاپمان، مچ سینٹر، اش سودھی، ٹم سوتھی اور ٹرینٹ بولٹ آج میچ کھیل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شاہینوں کیلئے آج کا میچ کڑا امتحان ہے جس کی وجہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کا پاکستان کے پاس آج آخری موقع ہے۔ نیوزی لینڈ کو صرف ہرانا نہیں بلکہ اچھے مارجن سے شکست دینا ضروری ہے۔