معافی مانگو یا 5 کروڑ دو، سلمان خان کو ایک بارپھردھمکی موصول

10:45 AM, 5 Nov, 2024

ویب ڈیسک: بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کے بعد سے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو جان لیوا دھمکیاں موصول ہونے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ سلمان خان کو ایک اور دھمکی موصول ہوئی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ معافی مانگو یا 5کروڑ دو ورنہ جان سے ماردیاجائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے تازہ دھمکی موصول ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سلمان خان مندر جا کر کالے ہرن کا شکار کرنے پر معافی مانگیں یا پھر 5 کروڑ روپے ادا کریں۔

 ممبئی پولیس کے ٹریفک کنٹرول یونٹ نے کہا کہ انہیں پیر کے روز ایک شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا، اس شخص کا دعویٰ ہے کہ وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھائی ہے، اُس نے دھمکی دینے کے ساتھ متنبہ کیا کہ اگر سلمان خان نے ایسا نہ کیا تو انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔

دھمکی آمیز پیغام میں لکھا تھا کہ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں تو وہ ہمارے مندر جا کر معافی مانگیں یا 5 کروڑ روپے ادا کریں، اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ہم انہیں مار ڈالیں گے، ہمارا گروہ اب بھی سرگرم ہے'۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تفتیش ابھی جاری ہے، دھمکی آمیز پیغام بھیجنے والے شخص کو تلاش کیا جارہا ہے۔

 یاد رہے کہ سلمان خان کو اسی طرح کی جان لیوا دھمکی 30 اکتوبر کو ایک نامعلوم شخص کی جانب سے ملی تھی، جس نے اُن سے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ دھمکی موصول ہونے سے 2 دن قبل ہی نوئیڈا سے ایک 20 سالہ شخص کو بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی اور سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں