ویب ڈیسک: لاہور میں سموگ کی اب تک صورتحال کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ پنجاب حکومت نے بین الاقوامی ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پی اینڈ ڈی میں بین الاقوامی ماہرین سے سموگ کی موجودہ صورتحال پر پہلی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سموگ صورتحال کی پہلی میٹنگ میں کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین ماحولیات نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ میٹنگ میں سموگ کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی ماہرین نے صنعتی دھویں کو انسانی صحت کے لیے زیادہ خطرناک قرار دے دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں صنعتوں سے دھویں کا اخراج تو تین فیصد ہے جو کہ انتہائی مضر صحت ہے۔ لاہور میں صنعتوں سے نکلنے والا دھواں ٹرانسپورٹ سے نکلنے والے دھویں کی نسبت زیادہ خطرناک ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
بین الاقوامی ماہرین کے مطابق محکمہ ماحولیات اور محکمہ پی اینڈ ڈی نے بین الاقوامی ماہرین سے صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے مدد مانگ لی۔ فضائی آلودگی کے کنٹرول کے لیے بین الاقوامی ماہرین جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ بین الاقوامی ماہرین سموگ کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی لانے کا فیصلہ کریں گے۔