ویب ڈیسک:عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئےسماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔بشری بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی گئی۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت کی آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وکلا صفائی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر دلائل دیئے۔
پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کی مخالفت کی گئی،بریت کی درخواستیں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش ہیں ۔عدالت فرد جرم عائد کرنے کیلئے تین ، چار تاریخیں دے چکی مگر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جارہی ۔عدالت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرے ۔
وکیل سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کے حق میں کچھ دستاویزات جمع کروانا چاہتے ہیں وقت دیا جائے ۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔