اسلام آباد(پبلک نیوز) موجودہ چیئرمین نیب کی توسیع یا نئے چئیرمین نیب کی تقرری، فیصلہ جلد متوقع، وفاقی حکومت نے چئیرمین نیب کی تقرری سے متعلق ہوم ورک مکمل کر لیا.
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراء پر مشتمل حکومتی کمیٹی نے حتمی سفارشات پر مبنی مسودہ تیارکرلیا، کمیٹی کی حتمی سفارشات وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائیں گی، وزیر اعظم نے آج چئیرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر اجلاس طلب کر رکھا ہے. کمیٹی کے ارکان آج وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے.
ذرائع نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلئے قائم حکومتی کمیٹی نے گزشتہ روز اجلاس میں سفارشات تیار کیں. وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کمیٹی اجلاس میں شرکت کی، وفاقی وزیر فواد چوہدری ،مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر بھی اجلاس میں شریک ہوئے، حکومتی کمیٹی کے ارکان نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلئے مختلف آپشنز پر غورکیا تھا.
واضح رہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کی مدت ملازمت کا اختتام چند دن دور ہے تاہم ابھی تک حکومت واضح فیصلہ نہیں کر پائی کہ ان کی مدت ملازمت میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے توسیع کی جائے گی یا پھر موجودہ قانون کے مطابق اپوزیشن کی مشاورت سے نئے چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ موجودہ چیئرمین نیب کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن 8 اکتوبر 2017 کو کیا گیا تھا اور انہوں نے 10 اکتوبر سے چار سالہ عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ نیب آرڈیننس 1999 کی شق 6 (بی) کے تحت چیئرمین نیب کے عہدے کی مدت میں توسیع نہیں کی جا سکتی۔