’پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی سیاسی انجنئیرنگ کے ذریعے ہوتی ہے‘

08:05 AM, 5 Oct, 2021

حسان عبداللہ
اسلام آباد(پبلک نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی۔ مریم نواز نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ عرفان قادر کے ذریعے عدالت عالیہ میں درخواست جمع کرائی۔ مریم نواز نے کہا کہ تاریخ ہے کہ پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی سیاسی انجنئیرنگ کے ذریعے کی جاتی ہے، احتساب عدالت میں جو ٹرائل چلایا گیا وہ قانون شکنی اور سیاسی انجنئیرنگ کی زندہ مثال ہے۔ مریم نواز نے متفرق درخواست میں لکھا خفیہ ادارے کی اہم شخصیت نے سابق جج کو نوازشریف خاندان کو سزائیں دینے کا کہا تھا، جج ارشد ملک کی ویڈیو شریف خاندان کے خلاف کیس میں اہم ثبوت ہے۔ جواب میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے پنڈی بار کی تقریر کا بھی حوالہ دیا گیا، کہا جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو اسی بیان پر سپریم جوڈیشل کونسل بنے عہدے سے ہٹایا گیا۔ مریم نواز نے کہا نیب کے ذریعے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کے لیے ایک غیر قانونی ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ 28 جولائی 2017 کو سپریم کورٹ کے حکم پر وزیراعظم اور پوری کابینہ کو گھر بھیج دیا گیا اور بعد میں ناہل قرار دیا گیا۔ مریم نواز نے عدالت سے اپنے خلاف تمام چارجز ختم کرنے کی استدعا کر دی.
مزیدخبریں