شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی:آرمی چیف
08:06 AM, 5 Oct, 2021
راولپنڈی(پبلک نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم ملک کے امن و استحکام کےلیے اپنے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشنز میں جرات و بہادری اور ملک و قوم کے لئے خدمات پراعزازات تقسیم کئے، شہدا کے اہلخانہ بھی تقریب میں شریک ہوئے. آئی ایس پیآر کے مطابق 47 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری عطا کیا گیا، 6 افسروں،7 جونیئر کمیشنڈ افسروں اور 12 سپاہیوں کو تمغہ بسالت دیا گیا، شہدا کے میڈلز ان کے اہلخانہ نے وصول کئے. آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں دینے والے فوجی افسر اور جوان ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں،مادر وطن کے دفاع کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے اعلی و برتر کوئی مقصد نہیں، ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی.