ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی

12:08 PM, 5 Oct, 2024

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج سے منگل تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق کل سے صوبہ کے بالائی علاقوں کی مغربی ہواؤں کے زیراثر آنے کی پیش گوئی ہے جس کے باعث چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق  5 سے 7 اکتوبر کے دوران مردان ،کرم ، اورکزئی ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں ،لکی مروت، وزیرستان، اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش کا امکان ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث مانسہرہ، کوہستان ، چترال، گلگت بلتستان ،دیر ، سوات ، شانگلہ ، نوشہرہ اور صوابی کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ/نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کےلیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

تیز ہواؤں کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے، کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں، حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کےلیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں،

سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

مزیدخبریں