سابق بھارتی کرکٹر کی والدہ کی گلا کٹی لاش بر آمد

08:44 PM, 5 Oct, 2024

ویب ڈیسک: سابق بھارتی کرکٹر سلیل انکولا کی والدہ کی گھر سے گلا کٹی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے، سلیل انکولا کی والدہ پونے کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سلیل انکولا کی والدہ جمعہ کے روز پونے میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں، ان کا گلا کٹا ہوا تھا اور زخم بظاہر ’خود سے لگائے ہوئے‘ معلوم ہوتے ہیں،77 سالہ مالا اشوک انکولا کی لاش پر بھات روڈ کے علاقے میں ان کے فلیٹ سے دوپہر کے وقت ملی۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ان کی ملازمہ فلیٹ پر کام کرنے کے لئے آئی اور دروازہ نہ کھلنے پر اس نے ان کے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔

پولیس نے بتایا کہ جب دروازہ کھولا گیا تو خاتون مردہ حالت میں پائی گئیں، ان کا گلا کٹا ہوا تھا، بظاہر لگتا ہے کہ زخم خود سے لگائے گئے ہیں، تاہم واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے،حکام کا کہنا ہے کہ مالا انکولا کسی ذہنی بیماری میں مبتلا تھیں۔

یاد رہے کہ سلیل انکولا نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ نومبر 1989 میں  ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، جس میں انہوں نے صرف دو وکٹیں لی تھیں، مگر اس کے بعد وہ کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے۔ 

وہ ون ڈے میں بھی ٹنڈولکر کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے تاہم بھارت کیلئے محض 20 میچز کھیل سکے اور 1998 میں 28 سال کی عمر میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے لگے تھے۔
 

مزیدخبریں