سید علی گیلانی کے اہلخانہ کیخلاف غداری کا مقدمہ درج
05:37 AM, 5 Sep, 2021
سری نگر ( ویب ڈیسک ) مقبوضہ وادی میں بھارتی پولیس کی طرف سے ظالمانہ کارروائی، سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹنے اور بھارتی آرمی کی طرف سے میت چھیننے پر احتجاج کرنے کی پاداش اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے پر حریت رہنما سید علی گیلانی مرحوم کے اہلخانہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حریت رہنما سید علی گیلانی کیخلاف بھارتی پولیس کی طرف سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے کالے قانون کے سیکشن 153-A کے تحت درج کیا گیا ، سید علی گیلانی کے اہلخانہ پر الزام ہے کہ انہوں نے مرحوم کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا۔ مقدمے میں یہ دفعات بھی درج کی گئی ہیں جن میں حریت رہنما کے اہل خانہ پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے بھارتی فوج کی طرف سے جسد خاکی لیجانے کے موقع پر آزادی کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ عینی شاہدین کے مطابق جب بھارتی فوجی کی طرف سے جسد خاکی چھینا گیا اس موقع پر پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی گئی جس پر قابض بھارتی انتظامیہ نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔