کوئٹہ میں خود کش دھماکہ، 3 سکیورٹی اہلکار شہید، متعدد زخمی
07:08 AM, 5 Sep, 2021
مستونگ ( پبلک نیوز) کوئٹہ میں خود کش دھماکے کے ایک افسوسناک واقعہ میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 20 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر یہ خود کش حملہ کیا گیا ، خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، بم ڈسپوزل سکواڈ اور تحقیقاتی اداروں نے حادثے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ بیس سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مستونگ روڈ کوئٹہ کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نےاپنی قیمتی جانیں وطن کے امن کے لیے قربان کیں، شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان اب نیشنل ایکشن پلان کو سردخانے میں رکھنے کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔