مظفر گڑھ میں خاتون سب انسپکٹر کا اغوا اور جنسی زیادتی
07:21 AM, 5 Sep, 2021
مظفر گڑھ ( پبلک نیوز) مظفر گڑھ میں ایک افسوسناک واقعہ میں اس وقت امن و امان کی صورتحال کی قلعی کھل گئی جب ایک خاتون سب انسپکٹر کو ہی اغوا اور پھر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں مگر تاحال گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آئے روز جنسی زیادتی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں لیکن اس بار مظفر گڑھ میں ایک خاتون سب انسپکٹر کو ہی اغوا کر کے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا یا گیا جس نے قانون کی عملداری اور خواتین کے محفوظ ہونے پر سوالیہ نشان لگا دئیے ہیں، مظفر گڑھ میں جینڈر کرائم کیس آفیسر ایک مقدمہ کی تفتیش کے لئے تھانہ صدر آرہی تھیں۔ جب خاتون سب انسپکٹر چمن بائی پاس کے قریب پہنچیں تو انہیں کار سوار ایک شخص نے اغوا کر لیا اور قریبی باغ میں لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، خاتون سب انسپکٹر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ انتہائی صدمے کی حالت میں ہیں ، کیس کی مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آسکی ہیں۔