سٹیٹ بنک کی رپورٹ (ن) لیگ کی سچائی کا ثبوت ہے
07:59 AM, 5 Sep, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ سٹیٹ بنک اور نیپرا کی سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ مسلم لیگ (ن) کی سچائی اور حکومت کے جھوٹ کا ثبوت ہے ،صرف تین ماہ میں قومی خزانے کو 50 کروڑ ڈالر یعنی 83 ارب روپے کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت ہے۔ ایک بیان میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مارکیٹ سے 30 فیصد مہنگی ایل این جی خرید کر عوام پر ظلم ڈھایا ، آج کیا ہورہا ہے، نیب کو نظر نہیں آرہا، وہ پانچ سال پرانے معاہدوں کو کھنگال رہی ہے، افسوس ہے ، نیپرا کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ ہم نے قوم سے جو کچھ کہا وہ حرف بہ حرف سچ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سستی بجلی پیداکرنے والے پلانٹس کو چلانے کے بجائے مہنگی بجلی پیدا کرکے قوم کی جیب کاٹی گئی ، کم پیداواری صلاحیت اور مہنگی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو استعمال کرکے عوام کے مسائل بڑھائے گئے ، مہنگے پاور پلانٹس کو چلانے سے ملک پر مالی بوجھ اور قرض بڑھ گیا، نقصان عوام اور پاکستان کا ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی دوسری سہہ ماہی رپورٹ ثبوت ہے کہ ایل این جی کی وجہ سے بجلی کی لاگت میں کمی آئی ، اللہ کا شکر ہے کہ سیاسی انتقام سے بھری حکومت میں بھی ملک وقوم کے لئے ہماری خدمت اور دیانت کی گواہی آرہی ہے ، 2017 سے 2020 کے دوران 234 ارب روپے کی بچت ہماری مخلصانہ عوامی خدمت کا ثبوت ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے جو محنت کی، اس سے قوم کے پیسے کی بچت ہوئی، عوام کو ریلیف ملا، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ،2018 اور2019 کی سٹیٹ بنک کی پہلی سہہ ماہی رپورٹ نے تصدیق کردی کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی ہمارے اقدامات کی وجہ سے ہوئی ، ہماری محنت سے درآمدات میں 22.7 فیصد کمی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے ایک تہائی کردار کیا ، یہ نوازشریف کی محنت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرنس آئل منگوانے میں کمی اور ملکی کوئلے کے استعمال سے درآمدات میں کمی ہوئی، یہ نوازشریف کے وژن کی جیت ہے ، 2019 میں تھر میں کوئلے سے چلنے والے660 میگاواٹ پاور پلانٹ چلنے سے بجلی کی پیداوار میں 45 فیصد اضافہ ہوا، یہ چین کا تعاون تھا ، سٹیٹ بنک اور نیپرا رپورٹ میں کیس اور فیس دونوں صاف نظر آرہے ہیں، خدا کرے نیب کو بھی نظر آجائیں۔