کیا چوہدری نثار اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر لڑیں گے؟

12:06 PM, 5 Sep, 2021

حسان عبداللہ

راولپنڈی(ویب ڈیسک) سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم باتیں کیں، اس انٹرویو میں انہوں نے ذاتی اور ملکی سیاست پر کھل کر بات کی، انکا کہنا تھا کہ وہ جلد قومی سیاست کا حصہ بنیں گے اور ایکٹو نظر آئیں گے.

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کا واحد سیاستدان ہوں جس کو عمران خان نے سٹیج پر چڑھ کردعوت دی۔جب الیکشن اناؤنس ہوں گے تب میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر غور کروں گا۔ماضی میں‌تلخی بہت زیادہ تھی اس لیے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کی، عمران خان نیک نیت اور اچھےلیڈرہیں مگرحکمران بننے کےبعداقدامات بھی کرنےپڑتےہیں جونظرنہیں آرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے بچپن کے دوست ہیں ، انہوں نے ہمیشہ مجھے بہت عزت دی، میں نے کوئی آپشن بند نہیں کیا.

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار مقصد ہوتا تو آج کسی اہم عہدے پر ہوتا، میرا مقصد اقتدار نہیں ہے، موجودہ حکومت ختم ہوگی تو کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا سوچوں گا، میں سنسنی خیز بات نہیں کر سکتا ، تمام تر آپشنز موجود ہیں، ساری زندگی فیصلے خود کیے. ان کا کہنا تھا کہ اس بات پر فخر ہے کہ میرا تعلق ایک فوجی خاندان سے ہے، اس کے باوجود جب پارٹی کو کوئی مشکل پیش آئی تو میں نے سٹینڈ لیا.

دھرنے کے دنوں پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی اور طاہر القادری آبپارہ سے آگے آئے تو میں نے استعفیٰ دیدیا تھا جس کا ریکارڈ آج بھی موجود ہے ، لوگ میرے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں، دھرنے والوں کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت وزیراعظم نواز شریف نے دی.

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے سیاسی ان بن رہی لیکن وہ اچھےانسان اور زیرک سیاستدان ہیں۔ ذاتی پسند اور نا پسند سے ہٹ کر ایک سیاسی ورکر کے طور پر میں سمجھتا ہوں کے پیپلز پارٹی اپنی سیاسی کارڈ سہی کھیل رہی ہے ، نوازشریف کے بارےمیں بہت کچھ کہہ سکتا ہوں مگراسوقت نہیں کہوں گا.

مزیدخبریں