نیا پاکستان ہم پر مسلط کیا گیا: بلاول

05:20 PM, 5 Sep, 2021

شازیہ بشیر
ڈی جی خان ( پبلک نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس خطے کا پیپلزپارٹی کے ساتھ 3نسلوں کا رشتہ ہے۔ چاہتے ہیں کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ ڈی جی خان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کا ہر شہری اس وقت تکلیف میں ہے۔ یہ کون سا نیا پاکستان ہے جس میں تاریخی غربت اور بے روزگاری ہے۔ قائد عوام کے دور میں کسان کو زمین کا مالک بنادیا گیا تھا۔ قائد عوام کےد ور میں روزگار ملتا تھا۔ نیا پاکستان ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔ ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کےد ورمیں کسان خوشحال تھا، معیشت ترقی کررہی تھی۔ پیپلزپارٹی کے جانے کے بعد عوام لاوارث ہوگئے ہیں۔ کوئی عوام کیلئے نہیں بولتا۔ عمران خان نے عوام کے ووٹ جیب اور پیٹ پر ڈاکا مارا ہے۔ ہم عمران خان کو معاف نہیں کریں گے ہم ان سے حساب لیں گے۔ جدوجہد میں مجھے عوام کی مدد کی ضرورت ہے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے عوام سے روزگار چھین لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرکے لوگوں سے ان کی چھت چھین لی گئی۔ بتایا جائے اب تک کتنے گھر بنائے گئے ہیں؟ عمران خان عوام سے روزگار، روٹی، کپڑا اور مکان سب چھین رہے ہیں۔ امیروں کو سپورٹ کرنے سے معیشت کو فائدہ نہیں ہوتا۔ عام آدمی کو سپورٹ کرنے سے معیشت ترقی کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے معاشی بحران کے دوران عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں غریب عوام کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع ہوا۔ کارکن تیاری کریں۔ آنے والی حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ پاکستان کو بچانے کیلئے عوام کےد رمیان موجود ہیں۔ ذوالفقار بھٹوکے دورمیں بیروزگاری نہیں تھی۔ قائدعوام کے دورمیں کسان کو زمین کا مالک بنایا گیا۔ پیپلزپارٹی نے تمام صوبوں کو حقوق دیئے۔
مزیدخبریں