سابق وزیراعظم کواس کےاسٹیٹس کے مطابق سیکیورٹی ملنی چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ
01:04 PM, 6 Apr, 2023
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے دھمکی آمیز بیان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی سیکیورٹی فراہمی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سابق وزرائے اعظم کو دی جانے والی سیکیورٹی کے رولز طلب کر لیے گئے ۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کرتے ہوئے سوال کیا کہ عدالت کو یہ بتائیں کہ سابق وزیرِ اعظم کیلئے کیا اور کتنی سیکیورٹی ہے ؟ رولز پیش کریں پھر آرڈر جاری کریں گے۔پی ٹی آئی چیرمین کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو کہا کہ عمران خان اس کیس میں پیش نہیں ہو سکتے ہیں ۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اس کیس میں تو حاضری بنتی ہی نہیں ہے یہ تو سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست ہے ۔سلمان صفدر نے جواب میں کہا کہ اوہ سوری! یہ میرا کیس نہیں ہے ، اس میں فیصل چوہدری وکیل ہیں ، مگر وہ سپریم کورٹ میں ہیں ۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ درخواست گزار سابق وزیرِ اعظم ہیں، سیکیورٹی کا کیا قانون ہے ؟ وزارتِ داخلہ کے نمائندے نے جواب دیا کہ جب تک سابق وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں تھے تب تک انہیں فول پروف سیکیورٹی دی گئی تھی ۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ فول یا اپریل فول کو چھوڑیں، پھر کیا ہوا تھا ؟ اب کیا صورتِ حال ہے؟وزارتِ داخلہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سیکیورٹی فراہم کر رکھی ہے ۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ وزیر آباد کا واقعہ ہوا جو سب کے سامنے ہے ۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جو قانون میں لکھا ہے وہ سیکیورٹی دیں، لاہور کو چھوڑ دیں، اسلام آباد کا بتا دیں کیوںکہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ، یہ کیس بھی نمٹایا ہی دیا جائے گا آپ کو بھی پتہ ہے ، اس سے متعلق قانون و قاعدہ جو بھی ہے وہ عدالت میں جمع کروا دیں ، ایک قیدی اگر جیل میں ہے تو اس کے بھی حقوق ہیں ، ہر شخص کے حقوق موجود ہیں، آج ہم جج ہیں کل ہم جج نہیں ہوں گے، ویسٹ آج کیوں ہم سے آگے ہے؟ کیونکہ ان کے رولز ہیں، پچھلی 2، 3 سماعتوں میں فول پروف سیکیورٹی کے آرڈر کہاں ہیں ؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سیکیورٹی سے متعلق لیٹر عدالت میں پیش کر دیا ۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ یہ تو جنرل لیٹر ہے، اس میں سابق وزیرِ اعظم کا ذکر ہے؟ پٹیشنر کے نام سے مخصوص لیٹر کہاں ہے؟ عمران خان کے وکیل نے جواب دیا کہ سیکیورٹی کا کوئی پلان ہی نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ چھوٹی چھوٹی چیزیں سرکارخود کیوں نہیں کرتی ہے ؟ کیوں عدالت آنا پڑتا ہے؟ تھریٹ الرٹ سے متعلق آپ کو سیکیورٹی سے متعلق جائزہ لینا ہو گا ، جس کا جو قانونی حق ہے وہ اسے ملنا چاہیے، سابق وزیرِ اعظم کو ان کے اسٹیٹس کے مطابق سیکیورٹی ملنی چاہیے ۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ اچھی مثالیں قائم کریں ۔عدالتِ عالیہ نے سابق وزرائے اعظم کو دی جانے والی سیکیورٹی کے رولز طلب کر لیے ۔چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ رولز پیش ہونے پر مناسب حکم جاری کریں گے۔