پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر سپریم کورٹ سے رجوع

03:14 PM, 6 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر تحریک انصاف کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں گورنر کے پی ، الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست کے مطابق گورنرخیبر پختونخوا یکم مارچ کے عدالتی حکم پر عمل نہیں کر رہے ، گورنر کی جانب سے میڈیا پر 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا گیا بعد میں مکر گئے ، آئین کے مطابق 90 دن میں انتخابات ضروری ہیں ، گورنر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ گورنر کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے ، 90 دن کی مدت کے قریب ترین تاریخ دینے کی ہدایت کی جائے ، الیکشن کمیشن کو تاریخ ملتے ہی فوری انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کی جائے ۔ درخواست میں مزید بتایا گیا کہ تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی معاونت کا حکم بھی دیا جائے ۔
مزیدخبریں