وزیراعظم کا سپریم کورٹ سے انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

09:00 PM, 6 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے پر نظرثانی کر کے فل کورٹ بنائے ، فل کورٹ کا فیصلہ ہمیں قبول ہو گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لائرز کمپلیکس اسلام آباد کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے عدل و انصاف کے حصول کیلئے انتہائی مشکلات کا سامنا کیا ہے، وکلاء نے قانون کی حکمرانی اور عدلیہ بحالی کیلئے قربانیاں دیں، عدلیہ کا احترام سب پر لازم ہے لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے، کوئی سیاسی پارٹی الیکشن سے بھاگ نہیں سکتی۔ شہباز شریف نے کہا کہ 63 اے کے قانون کو ری رائیٹ کیا گیا، ہم نے اپیل دائر کی لیکن اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے، سیاسی جماعتوں کو بھی فریق نہیں بنایا گیا، عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، جو ججز اس کیس سے الگ ہوئے تھے انہیں ہٹا کر فل کورٹ بنایا جائے، فل کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو گا وہ ہمیں قبول ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لائرز کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ کر خوشی ہوئی، لائرز کمپلیکس کی تعمیر پر 1.8 ارب روپے لاگت آئے گی، لائرز کمپلیکس میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر بھی شامل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ذاتی مفاد کو ایک طرف رکھنا ہو گا۔
مزیدخبریں