ویب ڈیسک: مقبوضہ جموں و کشمیر میں احتجاج کے خوف سے بھارت نے جمعۃ الوداع کی نماز بھی روک دی اور ممتاز مذہبی رہنما میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کو سیل کر دیا گیا۔ جمعۃ الوداع کوعالمی یوم قدس کے طور پر منایا جاتا ہے جو کہ فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یکجہتی مہم کی علامت ہے۔
انجمن اوقاف جامع مسجد، نوہٹہ میں مسجد کے انتظامی ادارے نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ اور پولیس حکام نے جمعہ کی صبح دورہ کیا اور انہیں گیٹ بند کرنے کی ہدایت کی کیونکہ ‘جمعۃ الوداع کی نماز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔’
اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ میرواعظ مولوی عمر فاروق کو نگین حضرت بل میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا ہے۔
5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد گزشتہ پانچ سالوں سےسری نگر کی مسجد میں جمعۃ الوداع کی نماز کی اجازت نہیں ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکام نے سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی ہے کہ وہ وادی کشمیر میں کہیں بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مارچ کی اجازت نہ دیں۔