ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے داسو حملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، چینی باشندووں کی سیکیورٹی کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے رپورٹ کی روشنی میں چند افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، وزیرِ اعظم نے آر پی او ہزارہ ڈویژن کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی پی او اپر کوہستان ڈسٹرکٹ اور ڈی پی او لوئر کوہستان ڈسٹرکٹ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر سیکیورٹی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے پی کے کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، 16 ماہ کی حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کےلیے پر عزم ہے، بلیک اکانومی بڑا مسئلہ ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، عالمی میڈیا پر پاکستانی معیشت پر مثبت خبریں آرہی ہیں، اسٹاک ایکسچینج میں روز نیا ریکارڈ بن رہا ہے۔
وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ہمراہ وفد کمرشل فلائٹ سے سعودی عرب جارہا ہے ، تمام اخراجات خود ادا کررہے ہیں، سعودی عرب کے دورے سے مثبت خبریں آئیں گی۔
جیل میں عمران خان کی سکیورٹی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق سوال پر عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں تو چل رہی ہیں، جب کہ بشری بی بی کی صحت کے حوالے ان کے ڈاکٹرکا بیان آچکا ہے، بشریٰ بی بی کی صحت بہتر ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے سنیچر ہی کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقعے پر انہوں نے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے فول پروف اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’غیرملکیوں خصوصاً چینی شہریوں کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے۔ ان کی حفاظت کے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’دشمن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتا۔ شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے وزارت داخلہ کے افسران کو ضروری ہدایات بھی دی ہیں۔