ویب ڈیسک: فاسٹ باؤلر محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے کہا کہ ان کی کتاب میں میچ فکسنگ میں ملوث افراد کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجا نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد عامر اور عماد وسیم کی واپسی پر اپنی رائے کا اظہار کیا، عماد وسیم کے حوالے سے انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’عماد نے پاکستان سپر لیگ میں بھی اچھا پرفارم کیا ہے، وہ باصلاحیت اور ذہین کرکٹر ہیں جو اپنے ٹیلنٹ کو سامنے لے کر آتے ہیں۔‘
محمد عامر کے کم بیک پر بات کرتےہوئے رمیز راجا نے کہا کہ ’میری رائے بہت سادہ ہے، ایسے کھلاڑیوں کے لیے ہمدری ضرور ہوتی ہے لیکن میری کتاب میں ان کے لیے معافی نہیں ہے، خدا نہ خواستہ اگر میرا بیٹا بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہوتا تو میں اسے عاق کردیتا‘۔