قومی اسمبلی: مندر پر حملے کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

11:17 AM, 6 Aug, 2021

حسان عبداللہ

اسلام آباد(پبلک نیوز)‌رحیم یارخان میں مندر پر حملے کےخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور، خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی مندر جلانے کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی.

و زیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، ایوان ہندو کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتا ہے،پورا ملک ہندو کمیونٹی سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مندر واقعے پر سیاست نہ کریں، وزیراعظم نے نوٹس لیا ہے، آئی جی گرفتاریاں کررہے ہیں، مندر کی تعمیر سمیت تعزین و آرائش کا کام حکومت خود کرے گی۔ معاملے پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام مذہبی اقلیتوں کاتحفظ یقینی بنائیں گے، ہندو مندر بے حرمتی کا واقعہ قابل مذمت اورافسوسناک ہے، ایسے واقعات دنیا بھر میں اسلام اور پاکستان کی بدنامی کاباعث بنتے ہیں، ملوث افراد کو پکڑنے کیلئے صوبائی حکومت کی معاونت کررہے ہیں۔

ادھر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں، جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، ہندو بھائیوں کو نقصان پہنچانے والوں کو سزا ہونی چاہیے، وزیراعظم اور چیف جسٹس نے واقعے کا نوٹس لیا ہے، ملک میں کوئی بھی فاشسٹ آئیڈیالوجی حکمرانی نہیں کرسکتی۔

مزیدخبریں