سیلاب متاثرین کی مالی امداد کیلئے فنڈ قائم

05:33 AM, 6 Aug, 2022

احمد علی
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں۔ وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغریٰ برپا کی ہے۔ بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لئے فوری جاری کر دئیے ہیں۔ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ مشکلات میں گھرے ان پاکستانیوں کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے۔ جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کرکے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے رقوم پرائم منسٹرئ ریلیف فنڈ 2022 کے اکاؤنٹ نمبر 'جی-12164' میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جا سکے۔
مزیدخبریں