ہزارہ ایکسپریس حادثہ ،تخریب کاری بھی ہوسکتی ہے، وفاقی وزیر ریلوے
03:59 PM, 6 Aug, 2023
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس حادثہ تخریب کاری بھی ہوسکتی ہے۔ وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس حادثے میں 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین کی رفتار مناسب تھی اور ٹرین جب حادثے کا شکار ہوئی تو 45 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی لیکن پہلے ریلیف اور پھر تحقیقات ہوں گی۔ سعد رفیق کا کہنا تھا اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ سے بات ہوئی ہے وہ خود موقع پر پہنچ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے 2 ،3 دن رہ گئے ہیں، ڈر تھا کہ کوئی حادثہ نہ ہو جائے اور ایسا ہی ہوا، یہ تخریب کاری بھی ہوسکتی ہے اور لائن میں مکینیکل فالٹ بھی ہو سکتا ہے، تخریب کاری تھی یا فنی خرابی اس کا فیصلہ ایف جی آئی آر کرے گی۔ واضح رہے کہ نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی متعدد بوگیاںٹریک سے اتر جبکہ کئی الٹ گئیں.جس کے نتیجے میں19 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں.