(ویب ڈیسک ) ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رؤف حسن اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ضمانت منظوری کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ عدالت نے رؤف حسن کی 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔
رؤف حسن کو اڈیالہ جیل سے ایڈوکیٹ شائستہ کھوسہ اور راجہ یاسر اپنے ساتھ لے کر روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے رؤف حسن کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشہ ماہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کے مرکزی دفترپر چھاپہ مار کر مرکزی ترجمان رؤف حسن کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے سیکرٹریٹ سے کمپیوٹر سمیت دیگر سامان بھی ضبط کرلیا تھا۔