ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والا بھارت کا پہلا پستہ قد شہری
04:29 AM, 6 Dec, 2021
حیدرآباد: (ویب ڈیسک) بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ پستہ قد شہری نے ایک نیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ وہ اپنے ملک کا پہلا ''بونا'' ہے جس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق ہم ہر روز کوئی نہ کوئی حوصلہ افزا خبریں سنتے رہتے ہیں اور اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ ایسی ہی ایک خبر انڈیا سے آئی ہے جہاں 'ناممکن کچھ نہیں' کی بات سچ ہوتی نظر آرہی ہے۔ یہ بات 42 سالہ گتی پلی شیو پال نے ثابت کر دی ہے، جو بھارت کے پہلے پستہ قد شہری ہیں جنہوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا ہے۔ شیو پال کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال ان کے لیے بہت مشکل تھا اور اس پریشانی سے نجات کیلئے انھوں نے ڈرائیونگ سیکھنے کا فیصلہ کیا۔ شیو پال نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ لوگ میرے قد کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن آج بہت سے بونے مجھ سے کار چلانے کی تربیت لینا چاہتے ہیں اور میں نے معذوروں کے لیے ڈرائیونگ اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرائیونگ کے دوران انہیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود انہوں نے تمام مسائل کو حل کرنے اور محنت کے بعد یہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا ہے۔ انڈین شہری نے بتایا کہ ایک ویڈیو میں امریکہ سے ایک بونے آدمی کو کار چلاتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد وہ خود امریکہ گئے اور اس کی ٹیکنالوجی کے بارے میں دریافت کیا۔ تمام معلومات لینے کے بعد وہ ہندوستان واپس آئے اور ایک مکینک کی مدد سے حیدرآباد میں اپنی مرضی کے مطابق کار حاصل کی۔ اس کار کے بارے میں بتاتے ہوئے شیو پال نے کہا کہ انہوں نے کار کے پیڈل کی اونچائی کو بڑھایا تاکہ ان کے پاؤں یہاں تک آسانی سے پہنچ سکیں۔ وہ اپنی کار کے ساتھ تقریباً 120 ڈرائیونگ اسکول گئے لیکن انہیں کار ڈرائیونگ سکھانے سے انکار کر دیا گیا۔ تاہم، اپنے ایک دوست کی مدد سے، اس نے گاڑی کے لائسنس کو قابل بنایا اور بالاخر وہ پہلا بونا بن گیا جسے ڈرائیونگ لائسنس دیا گیا۔