پاکستان اور سعودی عرب میں ورکرز کی بھرتیوں کا معاہدہ

05:16 AM, 6 Dec, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب نے ورکروں کی بھرتیوں اور پاکستانی افرادی قوت کی مہارت کی تصدیق سے متعلق معاہدوں پر دستخط کر دئیے ہیں۔ معاہدے پر وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود اور سعودی عرب کی جانب سے ڈاکٹر احمد جبار الیمنی نے دستخط کیے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ سعودی عرب میں پاکستانی کارکنوں کی بھرتی میں معاون اور مددگار ہوگا۔ اس سے وہاں کام کرنے والے ملازمین کو قانونی تحفظ بھی مل سکے گا۔ اس کے علاوہ یہ معاہدہ پاکستانی شہریوں کو ملازمت دینے والی ایجنسیوں، کمپنیوں اور دفاتر کیخلاف قانونی چارہ جوئی میں مدد فراہم کرے گا۔ اس معاہدے سے سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں اور دیگر شعبوں کیلئے افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ ہوگا۔ https://twitter.com/EduMinistryPK/status/1467526351515262982?s=20 دفتر خارجہ نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کی بیرون ممالک نوکریوں کے حصول کو بہتر بنانے کیلئے جدید سکلز کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ادھر وزارت تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس معاہدے سے پاکستانی لیبرز کے حقوق محفوظ ہونگے۔ حکومت کی کوششوں سے لاکھوں ہنرمند پاکستانیوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے اور ان کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ اس وقت سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد لاکھوں میں ہے جو پاکستانی معیشت کو استحکام دینے کیلئے ترسیلات زر کا اہم ذریعہ ہیں۔ تاہم ان کی زیادہ تر تعداد غیر ہنرمند افراد پر مشتمل ہے۔ اس وجہ سے ان کو اپنے کام کا معاوضہ کم ملتا ہے۔
مزیدخبریں