پبلک نیوز: وہاڑی میں چور قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چرا کر لے گئے۔ انتظامیہ نے نئی عینک لگادی۔ وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب بانی پاکستان قائد اٰعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے چوری کی گئی عینک کو دوبارہ لگا دیا گیا ہے۔
ڈی سی کمپلیکس سے قائداعظم کے مجسمے سے عینک چوری ہونے کا معاملہ، قائداعظم کے مجسمے پر نئی عینک لگا دی گئی. ڈپٹی کمشنر وہاڑی محمد خضر افضال چوہدری نے کہا ہے کہ مجسمےکی حفاظت کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں گے ، قائداعظم کے مجسمے کی حفاظت کیلئے ملازمین کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تھانہ دانیوال میں دفعہ 379ت پ کے تحت مقدمہ نمبر 675/21 درج کرا دیا گیا ہے. سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گزشتہ روز قائداعظمؒ کے مجسمے سے عینک چوری کیے جانے والے واقعہ کانوٹس لیاتھا۔ انہوں نےکمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ قائداعظمؒ جیسی عظیم ہستی کے مجسمے سے عینک چوری کرنا انتہائی افسوسناک فعل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قائداعظمؒ کے مجسمے کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت بھی کی تھی۔ یاد رہے کہ وہاڑی میں موجود قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے نامعلوم چور ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عینک اتار کر لے گئے تھے