یوٹیوب پر ویڈیو اپ لوڈ کرکے پیسے کمانے والوں کیلئے نئی پالیسیاں جاری
12:06 PM, 6 Dec, 2022
یوٹیوب نے اپنی ایپلی کیشن پر ویڈیو اپ لوڈ کرکے پیسے کمانے والے افراد کیلئے نئی پالیسیاں جاری کردی ہیں۔ ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب نے ویڈیو بنانے والے افراد اور مشتہرین کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں،جس کی روشنی میں بعض موضوعات کی حامل ویڈیو کی مونیٹائزیشن روکنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوٹیوب کی جاری کی گئی نئی پالیسی کا بنیادی مقصد فحش مواد اور زبان، تشدد اور ماردھاڑ، منشیات، اور کسی نقصان دہ چیلنجز دینے والی ویڈیوز سے کمائی کا حصول روکنا ہے۔اس نئی پالیسی کے بعد کسی بھی ویڈیو کے تھمب نیل میں نامناسب تصویر، زبان یا اس میں شامل کوئی لنک بھی مونیٹائزیشن حاصل نہیں کرسکے گا۔ اسی طرح پرتشدد واقعات دکھا کر ناظرین کو حیرت میں ڈالنے والی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے بھی اب رقم بٹور نہیں سکیں گے۔یو ٹیوب کی جانب سے بے ایمانی اور دھوکا دہی کا راستہ روکنے کیلئے بعض اقسام کی مذاق والی پرینک ویڈیو کو روکنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ گیمنگ میں چیٹس یا ہیکنگ سافٹ ویئر کا استعمال اور تذکرہ بھی اسی پابندی میں شامل کیا گیا ہے۔اب یوٹیوب پر خطرناک حرکات ، چیلنج جیسی ویڈیوز رقم نہیں کما سکیں گی۔ بعض چیلنج سے بالخصوص بچوں کی جان جا سکتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہمت کو چیلنج کرنے والے آن لائن رحجانات کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ یوٹیوب نے نامناسب اور غلط زبان کی حوصلہ شکنی کیلئے گالیوں اور فحش الفاظ کو نکال باہر کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم اس حوالے سے یوٹیوب نے کچھ عجیب شرائط لگائی ہیں۔ ان شرائط کے مطابق اگر ویڈیو کے پہلے 8 سیکنڈ کے بعد نامناسب لفظ ہو تو وہ ویڈیو رقم کما سکے گی لیکن پہلے 8 سیکنڈ میں غلط اور نامناسب لفظ کو ایک پیسہ بھی نہیں ملے گا۔ اب یو ٹیوب پر اپ لوڈ عام یا گیم سے متعلق کسی بھی ویڈیو میں پابندی والی ادویہ اور نشہ آور اشیا کو دکھانا، اس کا ذکر کرنا بھی آپ کو رقم کمانے سے محروم کرسکتا ہے۔