"عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے"

05:25 AM, 6 Feb, 2021

ارسلان شیخ

نیویارک (پبلک نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آزادی کا حق مانگنے والے کشمیریوں کو جسمانی، سیاسی اور نفسیاتی طورپر کچلنے کے لئے ایک ظالمانہ مہم پوری شدت سے جاری ہے۔

جموں و کشمیر کے حوالے سے آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) رابطہ گروپ کے سفراء اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی میں امت مسلمہ کی مشترکہ موثر آواز تشکیل دینے میں برادر ممالک آزربائیجان، نائیجر، سعودی عرب اور ترکی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں صورتحال عالمی برادری سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی براداری سے درخواست ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائے جائیں۔ 5 اگست 2019 کے غیرقانونی بھارتی اقدامات کے بعد سے مقبوضہ خطہ ’تاریکی کے پردے‘ سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کشمیریوں پر ناقابل بیان مظالم ڈھارہی ہیں، نوجوانوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کا کچھ پتہ نہیں۔ آزادی کا حق مانگنے والے کشمیریوں کو جسمانی، سیاسی اور نفسیاتی طورپر کچلنے کے لیے ایک ظالمانہ مہم پوری شدت سے جاری ہے۔

ٌپاکستان کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مجھے اعتماد ہے کہ رابطہ گروپ کا اجلاس اس مقصد کے حصول کے لئے عملی اقدامات کی نشاندہی اور لائحہ عمل کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں