وزیراعلیٰ پنجاب کی راجن پور آمد، مختلف سکیموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

07:22 AM, 6 Feb, 2021

ارسلان شیخ

راجن پور (پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج راجن پور کا دورہ کریں گے اور راجن پور میں مختلف سکیموں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار آج راجن پور جائیں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح بھی کریں گے۔ عثمان بزدار راجن پور کے مختلف علاقوں کوہ ماڑی، کوٹ بہادر، کوٹ مٹھن اور جام پور کا دورہ کریں گے۔ راجن پور میں قبائلی عمائدین، پارٹی عہدیداران و کارکنان سے ملاقات کریں گے۔

  وزیراعلیٰ پنجاب کوہ ماڑی کا دورہ کریں گے جہاں ڈی جی کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہ ماڑی میں جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں انہیں بریفنگ دیں گے۔ کوہ ماڑی میں معززین علاقہ سے ملاقات کریں گے۔

 راجن پور کینال ریسٹ ہاؤس میں منتخب نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ فاروق امان اللہ خان دریشک کی رہائش گاہ بھی جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری دیں گے اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار جام پور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کریں گے، بستروں کی تعداد میں اضافے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ جام پور میں سردار محمد جعفر خان لغاری کی رہائش گاہ بھی جائیں گے۔

مزیدخبریں