پشاور (پبلک نیوز) حکومت کی نا اہلی، پشاور کے علاقے میں واقع ڈپو میں سینکڑوں گاڑیاں کھڑے کھڑے زنگ آلود ہوگئیں مگر نیلامی نہ کی جاسکی۔
تفصیلات کے مطابق ڈبگری گارڈن کے علاقے میں واقع ڈپو میں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے لئے جانیوالی سینکڑوں گاڑیاں کئی سالوں سے کھلے آسمان تلے کھڑی ہیں، ان میں پولیس، سیکرٹریٹ، زراعت سمیت پشاور یونیورسٹی کے زیر استعمال رہنے والی بڑی اور چھوٹی گاڑیاں، ویگن ، لینڈ کروزر ، سوزوکیاں اور موٹر سائیکلیں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو کھلے عام رکھا گیا ہے جو موسم کی شدت کے باعث تباہ حال ہورہی ہیں، انہیں نیلام بھی نہیں کرنے دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ہر سال اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ ایسی گاڑیوں کو نیلام کرتا ہے جس سے یہ گاڑیاں دوبارہ مارکیٹ میں آتی ہیں، نیلامی سے حاصل ہونیوالی رقم عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کی جاتی ہے۔