وزیر اعظم شہباز شریف کا ویکیپیڈیا فوری بحال کرنے کا فیصلہ
05:01 PM, 6 Feb, 2023
اسلام آباد: وزیراعظم محمّد شہباز شریف نے بین الاقوامی معلوماتی ویب سائٹ ویکیپیڈیا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کے دستخطوں سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ فیصلہ تین رکنی وزارتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا، تین رکنی کمیٹی قانون وانصاف، معاشی و سیاسی امور اور اطلاعات ونشریات کے وفاقی وزرا پر مشتمل تھی ۔ وزارتی کمیٹی نے اجلاس منعقد کیا اور معاملے کا جائزہ لے کر قرار دیا کہ ویکیپیڈیا مفید معلوماتی ویب سائٹ ہے۔طالب علم، محقیقین اور معاشرے کے دیگر طبقات اس سے استفادہ کرتے ہیں ، پوری ویب سائٹ بند کرنا مناسب نہیں ،قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کے لئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیرکمیٹی کے سربراہ ہوں گے ،قانون وانصاف، اطلاعات ونشریات، کامرس اور کمیونیکیشن کے وفاقی وزراء کمیٹی کے دیگر ارکان میں شامل ہیں۔ضرورت کے مطابق کسی ماہر کو کمیٹی میں شامل کیا جا سکتا ہے، کمیٹی ایک ہفتے میں وفاقی کابینہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ویکیپیڈیا تک رسائی مکمل بند کرنے کے اقدام کا جائزہ لے گی، کمیٹی اقدامات تجویز کرے گی تاکہ قابل اعتراض مواد پر پابندی اور اس تک رسائی کو روکا جا سکے، کمیٹی مذہبی طور پر حساس، مقدس اور ہمارے کلچر کے منافی مواد پر پابندی کے لئے طریقہ کار تجویز کرے گی۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کو سیکریٹیریل خدمات فراہم کرے گی۔