(ویب ڈیسک ) اردو نیوز کی طرف سے کیے گئے ایک سروے کے مطابق 8 فروری کے انتخابات میں رائے دہندگان کی اکثریت پاکستان تحریکِ انصاف کو ووٹ دینا چاہے گی، تاہم اس کی رائے میں ملک کے آئندہ وزیرِاعظم نواز شریف ہوں گے۔
سروے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بجائے جماعت اسلامی تیسری پسندیدہ جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔رائے دہندگان کی اکثریت کا کہنا ہے کہ نئی آنے والی حکومت کے لیے معیشت کی بحالی سب سے بڑا مسئلہ ہو گا جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور امن وامان کی صُورتِ حال دیگر بڑے چیلنجز بن کر سامنے آئیں گے۔
33.7 فیصد تحریک انصاف، 23 فیصد مسلم لیگ (ن) کے حق میں
رائے دہندگان میں 33.7 فیصد نے تحریک انصاف کو، 23 فیصد نے مسلم لیگ (ن) کو، 21.6 نے جماعت اسلامی کو جبکہ 5.6 نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیا۔
اسی طرح 4.4 فیصد نے جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان (جے یو آئی ف) کو جبکہ 4 فیصد نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو حکومت کے لیے چُنا جبکہ 3.2 فیصد رائے دینے والوں نے کسی بھی جماعت کا انتخاب نہیں کیا۔
نواز شریف معیشت کے لیے بہتر
سروے میں تحریکِ انصاف کو ووٹ دینے والوں کی اکثریت نے اس جماعت کے حق میں رائے دینے کی وجہ قیادت پراعتماد بتائی جب کہ نواز شریف کو وزیرِاعظم کے طور پر منتخب کرنے والوں کا خیال ہے کہ وہ معیشت کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ مناسب ہوں گے۔
اردو نیوز کے سروے میں 7159 افراد نے حصہ لیا جس میں پنجاب سے (37.7 فیصد)، سندھ سے (26.8 فیصد)، خیبر پختونخوا سے (23.4 فیصد)، بلوچستان سے (8.3 فیصد) جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے (3.8 فیصد) افراد نے رائے دی۔
سروے میں 34.8 فیصد کی رائے میں ملک کے آئندہ وزیرِاعظم نواز شریف ہوں گے جبکہ 29.8 فیصد نے عمران خان کو بطور وزیراعظم منتخب کیا۔
آٹھ فیصد کے خیال میں وزیرِاعظم بلاول بھٹو زرداری جبکہ 3.2 فیصد کے مطابق مولانا فضل الرحمان وزیراعظم ہوں گے۔ صرف دو فیصد رائے دہندگان نے شہباز شریف کے حق میں رائے دی جبکہ ایک فیصد سے بھی کم رائے دہندگان نے کہا کہ آئندہ وزیرِاعظم مریم نواز ہوں گی۔
(67.1 فیصد) مرد جبکہ (32.9 فیصد) خواتین نے سروے میں حصہ لیا جن میں سے (40 فیصد) 26 سے 40 سال کی عمر کے درمیان تھے۔ رائے دینے والوں میں 18 سے 25 سال تک کے (32.9 فیصد) جبکہ (27 فیصد) افراد 41 سال یا اس سے زائد تھے.
نئی آنے والی حکومت کے لیے سب سے بڑے مسئلے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں (42.6 فیصد) افراد نے معیشت کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔
(32.2 فیصد) افراد نے مہنگائی، (15.1 فیصد) افراد نے بے روزگاری جبکہ (10.1 فیصد) افراد نے امن و امان کی صورتِ حال کو بڑا مسئلہ بتایا۔