(ویب ڈیسک ) ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی نے محمد حفیظ کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نو منتخب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، اجلاس میں چیف سلیکٹر وہاب ریاض، سی او او سلمان نصیر نے شرکت کی۔اجلاس میں سابق ڈائریکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد حفیظ کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ٹی ٹوئینٹی ورلڈکپ سمیت آیندہ آنے والی سیریز کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری چاہتا ہوں۔ مجھے پاکستان ٹیم کے علاوہ کسی اور چیز کی فکر نہیں۔
محسن نقوی نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سفارشی کلچر پی سی بی میں نہیں چلے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے غیر ملکی کوچز تعینات کرنے کا امکان ہے۔