ہالی ووڈ اداکار کرسچن اولیور طیارے کے المناک حادثے میں بیٹیوں سمیت ہلاک

04:02 PM, 6 Jan, 2024

احمد علی
ہالی ووڈ اداکار کرسچن اولیور طیارے کے المناک حادثے میں اپنی 2 معصوم بیٹیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن اداکار کرسچن اولیور اور ان کی دو بیٹیاں کیریبین میں ایک طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے، اولیور ہالی ووڈ فلموں انڈیانا جونز، اسپیڈ ریسر اور والکیری میں اپنے کردار کے لیے مشہور تھے۔ 51 سالہ کرسچن اولیور جمعرات کو اپنی بیٹیوں کے ہمراہ ایک چھوٹے طیارے میں کیریبین ملک سینٹ ونسنٹ سے سینٹ لوشیا جا رہے تھے، کہ طیارہ کیریبین جزیرے کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے کے مالک اور پائلٹ رابرٹ ساکس بھی حادثے میں ہلاک ہو گئے، طیارے کے مسافروں میں صرف اولیور، جن کا اصل نام کرسچن کلیپسر ہے، اور ان کی بیٹیاں 10 سالہ مدیٹا اور 12 سالہ اینِک شامل تھے۔ مقامی حکام کے مطابق پرواز نے جے ایف مچل بیکیا ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی، ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کو اڑان بھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو بتایا کہ وہ واپس مڑ رہا ہے لیکن اس کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔ مقامی غوطہ خوروں، ماہی گیروں اور کوسٹ گارڈ نے مل کر چاروں لاشیں پانی سے نکال لی ہیں، جب کہ حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متاثرین کے اہل خانہ کو تمام مناسب قونصلر رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔
مزیدخبریں