اداکارہ حرا مانی کو ساڑھی پہن کر بارش میں رقص کرنا مہنگا پڑگیا

05:23 AM, 6 Jul, 2022

احمد علی
پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور ایکٹریس حرا مانی نے مون سون کی بارش کو انجوائے کرتے ہوئے ساڑھی زیب تن کر کے بارش میں ڈانس کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کے اس اقدام پر خوب تنقید کی۔ گذشتہ روز اداکارہ نے بارش کے حسین موسم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی نئی تصویریں ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھیں۔ تصاویر میں حرا مانی نے نیلے رنگ کی ساڑھی پہنی ہوئی تھی، بظاہر رقص کرتے ہوئے بارش سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں اور کیپشن میں حرا مانی نے لکھا ' بارش اور میری نیلی ساڑھی'۔ حرا مانی نے ساڑھی کے فیشن برینڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ 'معذرت، یہ ساڑھی میں نے بارش میں پہن لی کیونکہ بارش میں اپنے اندر کی ہیروئین کو میں مار نہ سکی'۔ اداکارہ کی ان تصاویر کو فیشن ہاؤس کے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔ بارش میں ساڑھی پہن کر بھیگتے ہوئے حرا مانی کی تصاویر ان کے فینز نے تو خوب پسند کی ہیں مگر متعدد لوگوں کو ان کا یہ انداز پسند نہیں آیا اور ان کی جانب سے اداکارہ پر تنقید کی گئی۔ خیال رہے کہ ماضی میں بھی حرا مانی کو ان کے لباس، انداز اور پرفارمنس کی وجہ سے بھی تنقید کا سامنا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی ان کو ساڑھی کے ساتھ ٹی شرٹ پہن کر پروگرام میں شرکت کرنے پر بھی تنقید کا سامنا رہا ہے۔
مزیدخبریں