پاکستان آئی ایم ایف کی ایک اور مشکل شرط ماننے پر رضامند

06:37 AM, 6 Jul, 2022

احمد علی
ذرائع کے مطابق پاکستانی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی ایک اور مشکل شرط ماننے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطالبے پر نئی اینٹی کرپشن ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔ پبلک نیوز کے ذرائع کے مطابق نئی اینٹی کرپشن ٹاسک فورس اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق قائم کی جائے گی۔ ٹاسک فورس مالیاتی اداروں میں اینٹی کرپشن یونٹ بنائے گی۔ ہر یونٹ میں مانیٹرنگ، انویسٹی گیشن اور پراسکیوشن سیل بنیں گے۔ پاکستانی سٹاف کی تعیناتی وفاقی حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان طے کی جائے گی۔ ٹاسک فورس میں اقوام متحدہ حکام کے تعاون سے اینٹی کرپشن ایکشن پلان طے کیا جائے گا۔ ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ، اثاثوں کی ملکیت، مشکوک اثاثوں، ترسیلات کی نگرانی اور اثاثوں کی اصل مارکیٹ قیمت کے تعین کا طریقہ کار طے ہوگا۔ پلان کے تحت مالیاتی اداروں کے عملے کی ٹیکس چوری اور سرکاری ٹھیکوں میں بدعنوانیوں میں تعاون کی نشاندہی کی جائے گی۔ ٹیکس چوری اور بدعنوانی سے بنائے گئے اثاثوں کے اصل مالکان کا تعین ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ شرائط کے تحت ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے اینٹی کرپشن کے معیار کواپنایا جائے گا۔
مزیدخبریں