پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےنئےچیئرمین ذکاء اشرف نےچارج سنبھال لیا
10:49 AM, 6 Jul, 2023
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی نئی منجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی ذکا اشرف کو سونپ دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے بھی سرکولیشن سمری کے ذریعے پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی بنانے کی منظوری دی ہے ۔ جس کے بعد ذکا اشرف کو پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ اس کےعلاوہ الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کو ہٹا کر ان کی جگہ محمود اقبال خاکوانی کو نیا الیکشن کمشنرمقرر کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی 4 ماہ کیلئے بنائی گئی ہے، جس میں محمد مصدق، عظمت پرویز،کلیم اللہ خان، اشفاق اختر، خرم کریم سومرو، خواجہ ندیم، مصطفی رمدے اور ذوالفقار ملک بطور رکن کام کریں گے۔ دوسری جانب پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی سی بی چیئرمین کے الیکشن اور ذکا اشرف کی اہلیت کا معاملہ عدالتوں میں زیر التوا ہے۔