وزیراعظم کا نواز شریف کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کا اعلان

12:55 PM, 6 Jul, 2023

احمد علی
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر کا دورہ کیا جہاں انہیں کیپٹن صفدر نے منصوبوں پر بریفنگ دی، وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تورغر بونیر آر سی سی پل کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ وزیراعظم کا مقامی قبائلی عمائدین و مشران سے خطاب میں کہنا تھا کہ ضلع تورغر میں پلوں، سڑکوں اور دیگرمنصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے، تورغر میں اب ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دور میں یہاں تاریخی منصوبے شروع کیے، گذشتہ حکومت نے تو منصوبوں کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا، نواز شریف کے منصوبوں کو اب آگے بڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں منصوبوں کے لئے رقم مختص کردی گئی ہے، وفاقی حکومت منصوبوں کی تکمیل میں صوبے کی معاونت کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی ہے، انہوں نے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
مزیدخبریں