سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، وزیر اعظم کا اسپیکر سے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ

06:55 PM, 6 Jul, 2023

احمد علی
اسلام آباد: سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کمیٹی دنیا بھر کے فورمز میں سفارشات پہنچائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب انتہائی دکھی دل کے ساتھ جمع ہوئے ہیں۔ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر پورے عالم اسلام میں شدید غم و غصّے کی لہر دوڑی ہے۔ پارلیمان کے توسط سے ملت اسلامیہ اور پاکستان کی عوام کے جذبات ایک زبان کے ساتھ پہنچا رہے ہیں۔ ایسے اقدامات کے خلاف مؤثر ترین الفاظ میں قرارداد منظور کی جانی چا ہیئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو ایسے واقعات کے سدباب کے لئے کمیٹی بنانے کی سفارش کردی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، اسلام کے خلاف آگ بھڑکائی جا رہی ہے، اسلامو فوبیا دنیا میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عید کے روز سویڈن کی پولیس نے ایک خبیث کو قرآن کی بے حرمتی کی اجازت دی، پولیس نے اپنی نگرانی میں ایک خبیث کو یہ قبیح حرکت کی اجازت دی،یہ ایوان سویڈن کی پولیس کی مذمت کرے، تحمل برداشت کے مظاہرے کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہم کمزور ہیں، جمعے کی نماز کے بعد پورے ملک میں اظہار یکجہتی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری اسلامی دنیا کو اس پر بھرپور آواز بلند کرنا ہو گی،آئندہ اگر اس طرح کی قبیح حرکت کسی نے کی تو ہم سے کوئی توقع نہ رکھے، سویڈن کی حکومت نے مذمت کی مگر ایسا واقعہ کیوں ہونے دیا گیا۔ سویڈن میں چند ماہ پہلے بھی یہی واقعہ ہوا، اب یہ برداشت سے باہر ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے رابطے کی کوشش کر رہا ہوں، مطالبہ کروں گا کہ اقوام متحدہ کا اجلاس اس موضوع پر فی الفور بلایا جائے، پوپ فرانسس نے بھی اس مذموم حرکت کی مذمت کی ہے۔
مزیدخبریں