قیدی ہنر سیکھیں گے، سزا میں کمی ہوگی، ٹیوٹا، محکمہ جیل خانہ جات میں ٹیکنیکل کورسز کرانے کا معاہدہ

11:05 PM, 6 Jul, 2023

احمد علی
لاہور: ٹیوٹا اورمحکمہ جیل خانہ جات کے درمیان 10مزید جیلوں میں ٹیکنیکل کورسز کرانے کا معاہدہ ہوگیا۔ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اورمحکمہ جیل خانہ جات کے درمیان 10مزید جیلوں میں قیدیوں کو ٹیکنیکل کورسز کرانے کا معاہدے پر دستخط کئے گئے۔وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی تھے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی موجودگی میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا احمد خاور شہزاد اورآئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیرنے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہد ے کے تحت پنجاب کی مزید10 جیلوں میں قیدیوں کو16ٹیوٹا کورسز کرائے جائیں گے۔ 3سے 6ماہ کے کورسز کے اختتام پرقیدیوں کو سرٹیفکیٹ دیا جائے گااورسزامیں رعایت مل سکے گی۔ لاہور،قصور،شیخوپورہ،پاکپتن،اوکاڑہ،جھنگ،سرگودھا،وہاڑی،ٹوبہ ٹیک سنگھ اورلیہ کی جیلوں میں ٹیوٹا کورسز شروع ہوں گے۔قیدی الیکٹریشن،ویلڈر،پلمبر،موٹر سائیکل مکینک،فیشن ڈیزائننگ،کمپیوٹرا پلیکیشن سمیت دیگر کورسزکرسکیں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہر ٹیوٹا کورس میں 25قیدی حصہ لے سکیں گے۔ٹیوٹا20ہزارقیدیوں کو ٹریننگ دے چکا ہے،مزید10ہزار قیدی ٹریننگ حاصل کرسکیں گے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ خواتین اورنوعمرقیدی بھی ٹیوٹا کورسزکر سکیں گے۔ قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں قیدیوں کیلئے جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز کے قیام کی تجویز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مخیرحضرات کے تعاون سے جیلوں میں بیکری قائم کرنے کا پروگرام شروع کیا جائے گا۔ پہلے فیز میں لاہور کی کیمپ جیل میں بیکری قائم کی جائے گی۔ قیدیوں کیلئے ٹیلی فون کالز کا دورانیہ300 منٹ ماہانہ بڑھا دیاگیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب بھر کی 16جیلوں کی تعمیرومرمت و بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ 16جیلوں میں ماڈرن کچن،واشن رومز،ملاقاتی کمرے اورلانڈری بنائی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز صنعت، خزانہ، صحت، تعمیرات و مواصلات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
مزیدخبریں